کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیرشاخ کا کشمیریوں کی دوران حراست جبری گمشدگیوں پر اظہار تشویش
اسلا آباد 30 اگست (کے ایم ایس)
آج لاپتہ افراد کے عالمی دن کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میںایک اجلاس منعقد کیاگیا ۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین کے زیر صدارت اجلاس میں مقرین نے کہاکہ آج جب عالمی برادری لاپتہ افراد کا عالمی دن منا رہی ہے بیشتر کشمیری خاندان مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز کی حراست میں لاپتہ ہونے والے اپنے پیاروں کی واپسی کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوجی طویل عرصے سے دوران حراست کشمیریوں کی گمشدگیوں میں براہ راست ملوث ہیں اور ان میں سے بیشتر کشمیریوں کو آخری بار بھارتی فوج کی حراست میں دیکھا گیاتھا۔ مقبوضہ کشمیرمیں دوران حراست جبری گمشدگیوںکے بڑھتی ہوئے واقعات پر سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے مقررین نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ لاپتہ افراد کے بارے میں ان کے لواحقین کو فوری طورپر معلومات فراہم کرے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔انہوں نے کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت اور دوران حراست قتل اورخواتین کی آبرو ریزی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت تمام تر ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد کو دبا نہیں سکتا۔ مقررین نے جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ حریت رہنمائوں نے کہا کشمیری ایک عظیم مقصد کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں اورعالمی سطح پر کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کی مذمت کاسلسلہ جاری ہے ۔ مقررین نے کہا کہ کشمیریوں کی ان بے مثال قربانیوں کی وجہ سے ہی تنازعہ کشمیر اس وقت عالمی سطح پر مرکز نگاہ بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو فوجی طاقت کے بل پر دبانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیرکی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے اور کشمیری نوجوانوں کی نسل کشی سمیت انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی پامالیوں کافوری نوٹس لیں۔اجلاس میں نثار مرزا، ایڈووکیٹ پرویز احمد، امتیاز وانی، اعجاز رحمانی، راجہ خادم حسین، زاہد اشرف، حاجی سلطان بٹ، سید مشتاق ،عبدالمجید، گلشن احمد، ، عدیل مشتاق وانی، محمد اشرف ڈار،شوکت احمد بٹ، منظور احمد ڈار اوردیگر نے خطاب کیا۔