مقبوضہ جموں و کشمیر

بی جے پی نے ہم سے ہمارا جھنڈا، ہماراوقار اورہماری شناخت چھین لی: عمر عبداللہ

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہاہے کہ بی جے پی کے دورحکومت میں کشمیریوں نے اپنا وقار ،عزت اورشناخت کھو دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عمر عبداللہ نے بارہمولہ اورکپواڑہ میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے گزشتہ ایک دہائی کے دوران رونما ہونے والی اہم تبدیلیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ہم سے بہت کچھ چھین لیا گیا، ہماری عزت، ہماراوقار، ہماری شناخت ہم سے چھین لی گئی۔ ہمارا اپنا جھنڈا تھا، ہمارا اپنا آئین تھا، لداخ ہمارا حصہ تھا، ہماری اپنی ریاست تھی، ہمیں ریاست میں اپنی زمین پر حق حاصل تھا، ہمیں ملازمت کا حق تھا، ہمیں دریائوں، پہاڑوں اور جنگلات پر حق حاصل تھا۔ لیکن 5اگست 2019کو ایک کروڑچالیس لاکھ لوگوں کے حقوق چھین کر بھارت کے ایک ارب 40کروڑ لوگوں کو دے دیے گئے اور اس کے بدلے میں یہاں کے لوگوں کو کچھ نہیں ملا۔ یہاں کے لوگوں نے تباہی، بے روزگاری، مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیکھا۔انہوں نے کہا گزشتہ 10سال جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے بہت پریشان کن رہے ہیں۔ عمرعبداللہ نے کہاکہ موجودہ بی جے پی حکومت اپنے ان اقدامات پراسمبلی سے سرکاری مہر لگانے کی کوشش کرے گی۔ اس لیے ہمارے پاس ان کو روکنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے لوگوں کے حقوق کی بحالی کے لیے اپنی پارٹی کے عزم کا اعادہ کیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button