مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جرمن نازیوں کی طرح کے حراستی کیمپ میں تبدیل کردیا ہے

سرینگر12اکتوبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے مقبوضہ علاقے میں قابض بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر بڑے پیمانے پرجاری ظلم و تشدد کی شدید مذمت کی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے جیسی ایجنسیاں پورے مقبوضہ جموں و کشمیر میںچھاپوں کی آڑ میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 50 کے قریب اساتذہ کو طلب کرکے انہیں تفتیش کے نام پر خوفزدہ کرنا بھارتی قابض فورسز کی طرف سے خوف و دہشت کا ماحول قائم کرنے کیلئے استعمال کیاجانیوالا ایک اورہتھکنڈہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور حاجن کے علاقوں میں نوجوانوں کاحالیہ قتل بھارتی قابض فورسز کے مقبوضہ علاقے میں جاری گھنائونے جنگی جرائم کی طویل فہرست میں ایک اور اضافہ ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ہفتےکے دوران بھارتی فورسز نے ایک ہزار سے زائد کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔بلال صدیقی نے کہاکہ گزشتہ75برس سے جموں وکشمیر کو جرمن نازیوں کی طرح کے ایک حراستی کیمپ میں تبدیل کردیاگیا ہے جہاں کشمیریوں کو بھارت کے غیر قانونی اور ناجائزتسلط کے تحت بدترین ظلم و تشدد کا سامنا ہے ۔ تاہم انہوں نے جدوجہد آزادی کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے ترجمان محمد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ حل طلب تنازعہ کشمیر کی وجہ سے مقبوضہ علاقے میں مسلسل نہتے کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے۔انہوں نے بھارت پر زوردیا کہ وہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان اور کشمیری عوام کے ساتھ بامعنی مذاکرات شروع کرے تاکہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و سلامتی قائم ہو سکے ۔
ادھرجموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مصعب نے ایک بیان میں بھارتی قابض فورسز کی طرف سے تلاشی اور محاصرے کی کاررائیوں کے دوران نہتے کشمیریوں کے مسلسل قتل عام کی شدیدمذمت کی ہے ۔ انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ ، حریت رہنمائوں شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک ، ڈاکٹر حمید فیاض ، آسیہ اندرابی ، ناہیدہ نسرین ، فہمیدہ صوفی ، نعیم احمد خان ، الطاف احمد شاہ ، محمد ایاز اکبر ، معراج الدین کلوال ، پیر سیف اللہ ، شاہد الاسلام ، فاروق احمد ڈار ، سید شاہد یوسف ، سید شکیل یوسف اور محمد یوسف میر کی برسہا برس سے بھارت کی جیلوںمیں مسلسل غیر قانونی نظربندی پر افسوس ظاہرکیا۔ انہوںنے اقوام متحدہ ، یورپی یونین اور او آئی سی پر زور دیا ہے کہ وہ تمام کشمیری سیاسی نظربندوںکی رہائی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھار ت پر دبائو بڑھائیں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button