27اکتوبرکو مظفر آباد میں احتجاجی ریلی اور جلسہ عام منعقد کیاجائیگا، کشمیر لبریشن سیل
اسلام آباد:27اکتوبر یوم سیاہ کے طورپرمنانے کیلئے وزیر اعظم آزاد کشمیرچوہدری انوار الحق کی خصوصی ہدایت پر جموں و کشمیر لبریشن سیل نے بھارتی مظالم د نیا کے سامنے بے نقاب کرنے اور عالمی برادری کو بھارت کا اصل چہرہ دکھانے کیلئے خصوصی پروگرام ترتیب دئیے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموں و کشمیر لبریشن سیل کے سیکرٹری مرزا وجاہت رشید بیگ نے کشمیر سنٹر راولپنڈی میں 27اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس دن مظفرآباد میں ایک بڑی احتجاجی ریلی اورجلسہ عام منعقد کیاجائیگا ۔ ریلی میں آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان،کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں سمیت وزرا حکومت ،طلبا،خواتین، صحافی،وکلا سیاسی سماجی،مذہبی و تجارتی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندے شرکت کریںگے ۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں اجاری نسانی حقوق کی پامالیوں پر کے بارے میں خصوصی ڈاکیومنٹریز بھی دکھائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ 26اکتوبر کو نیشنل پریس کلب اسلام آبادکے تعاون سے ایک گول میز کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں وفاقی وزرا، حریت قائدین، سینئر میڈیاپرسنز کے علاوہ یونیورسٹیوں کے طلباء شرکت کریں گے جبکہ27اکتوبر یوم سیاہ کی مناسبت سے دستخطی مہم کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔اس کے علاوہ راولاکوٹ،لاہور،کراچی،میرپور اور آزاد کشمیر کے دیگر شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔کشمیر کلچرل اکیڈمی کے زیر اہتمام مزاحمتی مشاعرے کا انعقاد کیا جائے گا۔وجاہت رشید بیگ نے کہاکہ آزادکشمیر اور پاکستانی عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیںاور وہ وقت دور نہیں جب کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کر لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ی عوام مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے نام نہاد انتخابات کو تسلیم نہیں کرتے اوریہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کانعم البدل نہیں ہو سکتے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کے وعدوں اور جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے باوجود بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں خوف ودہشت کی فضاقائم کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہر سال کشمیری عوام 27اکتوبر کو یوم سیاہ منا کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرواتے ہیں کہ آج کے دن بھارتی فوج نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں داخل ہوکر کشمیریوں کی امنگوں اور برصغیر کی تقسیم کے منصوبے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وہاں غیر قانونی طورپر قبضہ کرلیاتھا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر راجہ خان افسر خان، سردار ساجد محمود، سردار نجیب الغفور خان، راجہ راشد رضا اور فرحان قیوم عباسی سمیت دیگر نے شرکت کی۔