بھارت میں گرفتارکشمیری طلباء کا ضمانت کیلئے الہ آبادہائی کورٹ سے براہ راست رجوع
الہ آباد 03 دسمبر ( کے ایم ایس )
بھارت میں آگرہ کے ایک کالج میںزیر تعلیم تین کشمیری طلباء جنہیں بغاوت اور سائبر دہشت گردی کے الزامات کے تحت گرفتار کیاگیا تھا نے ضمانت کیلئے براہ راست الہ آباد ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے ۔طلباء کا کہنا ہے کہ ان کے وکلاء نے ضمانت کیلئے ان کے مقدمے کی عدالت میں پیروی کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تینوں طلبا کو رواں سال اکتوبر میں بھارت کے خلاف عالمی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کپ کے ایک میچ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی فتح کا جشن منانے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ہائی کورٹ میں اپنی ضمانت کی درخواستوں میں کشمیری طالب علموں نے اپنے خلاف دائر مقدمے کو متھراشہر منتقل کرنے کی بھی درخواست کی کیونکہ آگرہ کی پوری بار ان کے دفاع میں عدالت میں پیش ہو نے کیلئے تیار نہیں ہے ۔ ضمانت کیلئے سب سے پہلے درخواست ضلع میں مجسٹریٹ کی عدالت میں دائر کی جاتی ہے جس کے بعد سیشن کورٹ اور ہائی کورٹ اپیل دائر کی جاتی ہے۔