مقبوضہ جموں وکشمیر کو بھارتی رنگ میں رنگنے کا ایک اوراقدام ، ”ہر گھرپر ترنگا ”کے نفاذ کے لئے نوڈل افسران نامزد
سرینگر05جولائی(کے ایم ایس) نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کو بھارتی رنگ میں رنگنے کی ایک اور کوشش کے طورپر دہلی کی مسلط کردہ انتظامیہ نے ہر گھرپر بھارتی پرچم لہرانے کے اقدام پر عملدرآمد کے لیے نوڈل افسران نامزد کردیے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیرکے محکمہ دیہی ترقی کے ڈائریکٹر امام دین کی طرف سے جاری کردہ ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جموں وکشمیر کی انتظامیہ نے اس اقدام کے لیے متعلقہ اضلاع کے اسسٹنٹ کمشنرز ڈویلپمنٹ (ACD)کو نوڈل افسران کے طور پر نامزد کیا ہے۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر میں ”ہر گھرپر ترنگا ”کے اقدام کے کامیاب نفاذ کے لیے کشمیر ڈویژن کے متعلقہ اسسٹنٹ ڈیولپمنٹ کمشنرز کو ان کے اضلاع میں نوڈل افسر ان کے طور پر نامزد کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔