سابق را چیف کا مقبوضہ کشمیر میں لیفٹیننٹ گورنر کے کردار پر اظہار تشویش
سرینگر :بھارتی خفیہ ادارے ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ (را)کے سابق سربراہ اے ایس دُلت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں خاص طور پر منتخب حکومت کی موجودگی میں لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کوحاصل خصوصی اختیارات پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اے ایس دُلت نے ایک میڈیا انٹرویو میں اس بات پر حیرانگی کا اظہار کیا کہ لیفٹیننٹ گورنر منتخب حکومت کی موجودگی کے باوجود بیوروکریٹس سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ منتخب اسمبلی اور حکومت کی موجودگی میں لیفٹیننٹ گورنر کو حاصل اختیارات سے ایک ناقص نظیر قائم ہو رہی ہے جیسا کہ نئی دلی میں کیجریوال حکومت کے اختیارات کو لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعے سے بار بار مجروح کیا جارہا ہے ۔ایس اے دُلت نے کہاکہ ایسا بالکل بھی نہیں کیاجانا چاہیے اور اس سے کشمیریوں کو نقصا ن ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اجلاس بلاتے ہیں تو اکثر اس کے بعد لیفٹیننٹ گورنر الگ سے میٹنگ طلب کرتے ہیں جس سے ایگزیکٹو میں مایوسی پھیل رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ لیفٹیننٹ گورنر جمہوری طورپر منتخب حکومت کے امور میں مداخلت کرر ہے ہیں جس کا انہیں مینڈیٹ حاصل نہیں ہے ۔