مقبوضہ جموں وکشمیر میں بجلی ، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کا فقدان
لوگ احتجاج کے لیے سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور
سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بجلی ، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کے فقدان کے سبب لوگ احتجاج کیلئے سڑکوں پر آنے پر مجبور ہیں ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ علاقے میں بیشتر مقامات سورج غروب ہوتے ہی گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتے ہیں جبکہ کئی علاقوں میں پانی کی عدم دستیابی نے سنگین رخ اختیار کر لیا ہے۔
مقبوضہ وادی کشمیرکے کئی علاقوں میں بجلی کی عدم ستیابی اور پینے کے پانی کی قلت پر لوگوں نے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کر کے بجلی اور پانی کے محکموں کے خلاف شدید غم وغصے کا اظہار کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ متعلقہ حکام مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں اور وہ لوگوں کے احتجاج کے باوجود ٹس سے مس نہیں ہو رہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکا م جان بوجھ کر لوگوں کو سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور کر رہے ہیں۔ سرینگر کے سول لائن علاقے کو بھی بجلی کے مسئلے کا سخت سامنا ہے ۔ دکانداروں اور ہوٹل مالکان کا کہنا ہے کہ شام کے چھ بجتے ہی علاقے کی بجلی کاٹ دی جاتی ہے۔