اونتی پورہ پلوامہ میں قابض حکام کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں لوگوں نے قابض حکام کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اونتی پورہ کے مکینوں نے نئے تعمیر ہونے والے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز(AIIMS)کی طرف جانے والی سڑک کے ارد گرد تعمیراتی کام پر پابندی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے جوانسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے قریب جمع ہوئے، قابض حکام کی جانب سے سڑک کے ارد گرد کی تعمیرات کی اجازت نہ دینے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ناانصافی قراردیا۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے تعمیرات پر پابندی غیر منصفانہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم پہلے ہی آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اور اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (IUST) کے لیے زمینیں فراہم کر چکے ہیں۔مظاہرین نے کہا کہ سڑک کو چوڑا کرنے کی وجہ سے بہت سے لوگوں کا کاروبار اور روزی روٹی ختم ہوچکی ہے اور لوگوں کو اپنی زمینوں پر تعمیرات کا حق حاصل ہے جس پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ مظاہرین نے تحفظات کو دور کرنے اور انہیں تعمیرات کی اجازت دینے کے لیے اعلیٰ حکام سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ۔