پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ کی طرف سے سرینگر اور پلوامہ کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت
سرینگر13 دسمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ نے سرینگر کے علاقے رنگریٹ کے شہداء اور کاک پورہ پلوامہ میں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ کے چیئرمین جمیل احمد اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مصعب نے احمد رنگریٹ سرینگر میں جعلی مقابلے میں دوکشمیری نوجوانوں کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی ۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ کشمیری نوجوان بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور شہداء کی قربانیوں کوہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔انہوں نے سوگوار خاندان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجیوں اور پولیس نے آج دو نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں جبکہ ایک نوجوان کو گزشتہ روز پلوامہ میں شہیدکردیاتھا ۔انہوں نے شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کشمیری عوام پر زوردیا کہ وہ بھارتی ریاستی دہشت گردی اور غیر قانونی تسلط کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی کشمیریوں کی قتل و غارت اور نسل کشیُ کی پالیسیوں کے خلاف آواز اپنی بلند کریں۔حریت رہنمائوں نے حریت رہنما مشتاق الاسلام کی گرفتاری کی بھی مذمت کی اور مختلف جیلوں میں غیر قانونی طورپر بند تمام سیاسی رہنمائوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ کے دیگر ارکان نے غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنما ایاز محمداکبر اور سینئر حریت کارکن معراج الدین ربانی کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔