مقبوضہ کشمیرمیں ترقی صرف سوشل میڈیا کے اشتہارات تک محدود ہے ، عمر عبداللہ
سرینگر 13 دسمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں ترقی کے بارے میں مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کے دعوے صرف سوشل میڈیا اور اشتہارات میں ہی نظر آتے ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق عمر عبداللہ نے ضلع کپواڑہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو تقسیم کرکے ہماری شناخت اور کشمیر کی قانون سازکونسل کو ختم کردیاگیا ہے ۔ آل انڈیا سروسزآفیسرز کے جموں وکشمیر کیڈر کوختم کر کے AGMUT کیڈر میں ضم کر دیا گیا۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو حاصل تمام آئینی ضمانتیں ختم کر دی گئیں اور اس کی تنسیخ کو ہماری آئینی حیثیت کو ختم کرنے کا بہترین بہانہ بنایا گیا۔انہوں نے کہاکہ ہم صرف یہ پوچھ رہے ہیں کہ جس تبدیلی کے بارے میں بڑے بلند و بانگ دعوے کئے گئے تھے وہ کہاں ہے؟ ہمیں بتایا گیا تھاکہ ایک نئی صبح طلوع ہو رہی ہے۔وہ کہاں ہے؟ کہاں ہے ترقی، سرمایہ کاری، نوکریوں اور شمولیت کا وہ دور جس کا ہم سے وعدہ کیا گیا تھاوہ کہاں ہے ؟عمر عبداللہ نے مزید کہا کہ کشمیری عوام مشکلا ت کا شکار ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر میں ایک نئے غیر جمہوری منصوبے کے نتیجے میں سول انتظامیہ کو براہ راست نقصان پہنچا ہے۔ جموں وکشمیر کیڈر کی تنسیخ کے بعد سول سروسز کی ساخت میں تبدیلی نے خطے میں انتظامی نااہلی کو مزید بڑھادیا ہے۔ پیرا شوٹ بیوروکریٹس مقامی عوام کے مسائل کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔ موجودہ غیر متعلقہ انتظامیہ بھی لوگوں کے ساتھ غیر رسمی تعلقات استوار کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں زمینی تبدیلی نظر نہیں آتی اور قابض انتظامیہ اور کشمیری عوام کے درمیان بڑھتی ہوئی خلیج ہی اصل تبدیلی ہے۔