مظفر آباد: 13جولائی کو عظیم الشان ریلی نکالی جائے گی

مظفرآباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیراہتمام ”یومِ شہداءکشمیر“ کے سلسلے میں مظفر آباد میں ایک اہم پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ پریس کانفرنس سے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد، سینئر رہنما سید یوسف نسیم، اپوزیشن رہنما خواجہ فاروق احمد، امیر جماعت اسلامی مظفرآباد راجہ آفتاب،اور مہاجرین رہنما عزیر غزالی نے خطاب کیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مقررین نے 13 جولائی 1931ء کے شہداءکو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن تاریخِ کشمیر میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جب مظلوم کشمیری عوام نے اپنی آزادی، تشخص اور عدل وانصاف کے حصول کے لیے جامِ شہادت نوش کیا۔ 13 جولائی کے شہداء نے سری نگر سینٹرل جیل کے باہر اذان کی تکمیل کے دوران اپنی جانیں قربان کر کے آزادی کی ایسی چنگاری روشن کی جو آج بھی پوری وادی میں امید، قربانی اور استقامت کی علامت ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا گیا کہ یومِ شہداءکشمیر کے موقع پر 13 جولائی کو مظفرآباد میں ایک عظیم الشان عوامی ریلی کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں تمام سیاسی، مذہبی، سماجی جماعتوں کے نمائندوں سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ نے اہلیانِ مظفرآباد، مہاجرینِ مقبوضہ جموں و کشمیر، طلبہ، وکلاء، تاجروں، علما، صحافیوں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ اس دن کی مناسبت سے منعقدہ ریلی میں بھرپور شرکت کریں اور شہدائ کشمیر سے تجدیدِ عہد کریں۔ حریت قائدین نے اس موقع پر عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو انکا حق خود ارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کریں۔
پریس کانفرنس میں حریت رہنما شیخ محمد یعقوب ،منظور احمد شاہ،مشتاق السلام ،سید گلشن احمد ، عبد المجید میر،نذیر کرنائی،منیر کونشی اورسکریٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ شامل تھے۔








