پاکستان

وزیراعظم شہباز شریف کا کشمیری عوام کی سیاسی ، سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد:وزیراعظم محمدشہباز شریف نے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی سیاسی ، سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھنے کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یوم استحصال کشمیرکے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ یوم استحصال پر پاکستان کی حکومت اورعوام اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔ہم 5اگست 2019کو بھارت کے بین الاقوامی قانون اور اصولوں کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی مکمل خلاف ورزی اورغیر قانونی طور پر بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادی کے تناسباور سیاسی منظر نامے کو تبدیل کرنے کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی اور ناجائز قبضے میں رہنے والے کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق، وقار اور شناخت سے مسلسل انکار علاقائی عدم استحکام کی بڑی وجہ ہے، بھارت جموں وکشمیر پراپنے غیر قانونی قبضے کو کسی بھی طرح برقرار نہیں رکھ سکتا اور تقریبا آٹھ دہائیوں کے دوران بھارتی ریاستی دہشت گردی اورظلم و جبر میں دوگنا اضافہ ہو گیا ہے۔ شہباز شریف نے کہاکہ بہادر کشمیری عوام نے ثابت قدمی کے ساتھ اس ظلم کو برداشت کیا ہے، آج کا دن تمام پاکستانیوں اور دنیا کے تمام امن پسند لوگوں کے لئے کشمیری عوام کی غیر متزلزل عزم اور قربانی کے جذبے کو سلام پیش کرنے کا دن ہے۔وزیراعظم نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرانے ،5اگست 2019کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی منسوخی اور تنازہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمدکیلئے بھارت پردبائو ڈالے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی حقیقی قیادت کو خاموش کرنے کی کوششیں اس انتہا پسند ایجنڈے کا حصہ ہیں جو کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو بے نقاب کرتا ہے۔مسرت عالم بٹ ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک اوردیگرکشمیری رہنمائوں اور کارکنوں کی نظربندی ہماری کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے عزم کو کبھی بھی کمزور نہیں کرسکتی ۔ بھارت کے غیر قانونی قبضے کے دوران کشمیریوں کی مسلسل مزاحمت انکے بے مثال عزم و حوصلے کا ثبوت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جموں و کشمیر پر بھارت کا غیر قانونی قبضہ جنوبی ایشیا کے خطے کا تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور بھارت کے مسلسل جارحانہ رویے کا محرک ہے، مئی 2025میں پاکستان کے خلاف بھارت کی بلا اشتعال جارحیت اور اس کی فوجی شکست اس بات کا تازہ ترین ثبوت ہے کہ عالمی برادری کو اس فوری ضرورت کو یقینی بنانا ہے کہ تنازعہ کشمیر کا حل عالمی ترجیح بن جائے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کی خواہشات ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کے منصفانہ حل کی تلاش ہماری خارجہ پالیسی کا ایک اہم ستون ہے ۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button