پاکستان کی طرف سے تاریخی جامع مسجد سرینگر کی مسلسل بندش کی شدید مذمت
اسلام آباد : پاکستان نے بھارت کے زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں واقع تاریخی جامع مسجدسرینگر کی مسلسل بندش کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں جمعتہ الوداع کے موقع پر جامع مسجد میں باجماعت نماز ادا کرنے سے روکنا مذہبی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہاکہ پانچ اگست 2019 کے بعد سے مسلسل ساتویں سال بھارتی حکام نے جامع مسجد کو سیل کر رکھا ہے اور کشمیری مسلمانوں کو اس اہم دن پر نماز کی ادائیگی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ رمضان جیسے مقدس مہینے میں مذہبی عبادات پر اس طرح کی پابندیاں انتہائی تشویشناک اور قابل مذمت ہیں۔پاکستان عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے ان اقدامات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتا ہے تاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مذہبی آزادی کو بنیادی انسانی حق کے طور پر یقینی بنایا جا سکے۔








