مسلمانوں کے بعد اب ہندوتوا بریگیڈ مسیحی برادری کو نشانہ بنا رہی ہے ، پی چدمبرم
نئی دلی 30دسمبر(کے ایم ایس)
بھارت میں کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے کہا ہے کہ ہندوتوا بریگیڈ ملک میں اب مسلمانوں کے بعد مسیحی برادری کو نشانہ بنا رہی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پی چدم برم نے ان خیالا ت کا اظہارایک ٹویٹ میں مدر ٹریسا کے قائم کردہ خیراتی ادارے مشنریز آف چیریٹی کے ایف سی آر اے رجسٹریشن کی تجدید سے مودی حکومت کے انکار پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہندوتوا مسلمانوں کے بعد اب عیسائیوں کیلئے بھی خطرہ بن گئی ہے ۔چدم برم نے دعویٰ کیا کہ بھارتی میڈیا نے بھی مشنریز آف چیریٹی سے متعلق وزارت داخلہ کے احکامات سے متعلق خبروں کورپورٹ نہیں کیا جوکہ انتہائی افسوسناک اور شرمناک ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ بات غور طلب ہے کہ بھارتی میڈیانے مشنریز آف چیریٹی سے متعلق خبروں کو اپنے صفحات سے غائب کر دیا ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ مشنریز آف چیریٹی کی تجدید کو مسترد کرنابھارت کے غریب اور پسماندہ طبقوں کے لیے عوامی خدمت کرنے والی این جی اوز پر براہ راست حملہ ہے۔پی چدمبرم کاکہناتھا کہ اس اقدام سے مودی حکومت کا مسیحی برادری کے خیراتی کاموں کے خلاف تعصب ظاہر ہوتا ہے۔ مسلمانوں کے بعد اب عیسائی ہندوتوا بریگیڈکانیانشانہ ہیں۔