ہریانہ میں کشمیری ٹرک ڈرائیور عدم تحفظ کا شکار،شاہرائوں پر لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافہ

چنڈی گڑھ: کشمیری ٹرک ڈرائیوروں نے بھارتی ریاست ہریانہ کے علاقے دمدال کے قریب ہائے وے پر رات کے وقت ہونے والی لوٹ مار کی مسلسل کارروائیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نامعلوم شرپسند دوران شب کشمیری گاڑیوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ان حملوں سے ٹرانسپورٹرز اور تاجروں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جو اس شاہراہ کو تجارتی سامان کی ترسیل کے لیے استعمال کرتے ہیں۔متعدد ڈرائیوروں نے بتایا کہ نقاب پوش افراد کے گروپ رات کے اندھیرے میں ٹرکوں کو روک کر نقدی، قیمتی اشیا اور سامان لوٹنے کی کوشش کرتے ہیں۔ایک متاثرہ ڈرائیور نے کہا کہ طویل فاصلے پر سفر کر کے روزی کمانے والوں کیلئے صورتحال خطرناک ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا ہم اپنے خاندانوں کا پیٹ پالنے کے لیے محنت کرتے ہیں لیکن اس طرح کے واقعات نے ہماری زندگیوں اور کام کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہر رات یہ خوف لاحق رہتا ہے کہ کہیں حملہ نہ ہو جائے۔ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز نے ہریانہ انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ شاہراہوں پر حفاظتی اقدامات کو مضبوط بنائیں ، رات کے اوقات میں گشت بڑھایا جائے، سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں اور مشترکہ چیکنگ کے نظام کو فعال بنایا جائے تاکہ اس مجرمانہ سرگرمی کو روکا جا سکے۔








