بھارتی حکو مت مسلم اکثریتی علاقوں میں اسکولوں اور کالجوں کے بجائے پولیس چوکیاں بنا رہی ہے: اسدالدین اویسی
نئی دہلی :بھارت میں مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی نے کہاہے کہ ریاست اترپردیش کے شہرسنبھل میںواقع شاہی جامع مسجد کے بالکل سامنے پولیس اسٹیشن وقف کی زمین پرتعمیر کیا جارہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسرس کے مطابق اسدالدین اویسی نے ایکس پر ایک بیان میںکہاکہ مذکورہ زمین کے کاغذات موجود ہیں۔ دوسری طرف انتظامیہ تعمیراتی کام انتہائی تیزی سے انجام دے رہی ہے جہاں20 مستری ا ور 25مزدور کام کررہے ہیں جنہوں نے چند دنوں میں10 فٹ اونچی دیواریں کھڑی کردی ہیں۔ ایم آئی ایم کے سربراہ نے پولیس اسٹیشن کی تعمیر کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے ایکس پوسٹ میں باقاعدہ دستاویزات شیئر کیں۔ انہوں نے کہا کہ جامع مسجد کے پاس جو پولیس چوکی بنائی جا رہی ہے، وہ وقف نمبر 139 مراد آباد کی زمین پر ہے جیسا کہ ریکارڈ میں درج ہے۔ اویسی نے پولیس اسٹیشن کی تعمیر کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہاکہ آثار قدیمہ سے متعلق قانون کی رو سے تاریخی عمارت کے آس پاس تعمیراتی کام ممنوع ہے۔ سنبھل کی جامع مسجد محکمہ آثار قدیمہ کے تحت محفوظ عمارتوں میں شامل ہے۔ انہوں نے سنبھل کے حالات کو خطرناک قراردیتے ہوئے کہا کہ اس کیلئے یوگی اور مودی ذمہ دار ہیں۔انہوں نے کہاکہ یوپی حکومت کی نظر میں قانون کا کوئی احترام نہیں ہے۔ انہوں نے حکومت کے اقدامات کو فرقہ وارانہ ذہنیت قراردیتے ہوئے کہا کہ مسلم اکثریتی علاقوں میں اسکول، کالج اوراسپتالوں کی تعمیر یا عوامی خدمات کی فراہمی کے بجائے حکومت وہاں پولیس چوکیاں بنا رہی ہے۔
دریں اثناء منگل کو بھی سنبھل میں بلڈوزر کارروائی جاری رہی اور غیر قانونی تجاوزات کے نام پر 6گھروں کو منہدم کردیا گیا۔