بھارت نے پاکستان، تحریک آزادی کشمیر کو بدنام کرنے کے لیے اپنے ایجنٹوں کو متحرک کررکھا ہے
بی جے پی حکومت کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کے لیے کالے قوانین کا استعمال کر رہی ہے

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو دبانے کے لیے بی جے پی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کی طرف سے پرتشدد کارروائیوں اور ظالمانہ قوانین کے استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کرنے پر مودی حکومت کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ جائیدادوں کی ضبطی بھارت کی کشمیر دشمن پالیسی کا حصہ ہے۔انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت پر زور دیں کہ وہ اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر کشمیری عوام کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بند کرے۔ترجمان نے بھارتی قبضے سے آزادی کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اپنے وعدوں کا احترام کرے اور کشمیری عوام کو حق خود ارادیت کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا موقع فراہم کرے۔حریت ترجمان نے کہا کہ بھارت نے پاکستان اور کشمیریوں کی تحریک آزادی کو بدنام کرنے کے لیے مقبوضہ جموں و کشمیر کے اندر اور باہر اپنے کٹھ پتلیوں کو متحرک کر رکھا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ بھارت کو پاکستان اور کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کرنے کی عادت ہے۔ بھارت جھوٹی خبروں کے ذریعے اپنے ناجائز قبضے کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت کوجرم بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔ترجمان نے افسوس کا اظہار کیا کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت میڈیا، سائبر ٹیکنالوجی اور دہشت گردی کو پاکستان اور کشمیریوں کے خلاف ہائبرڈ ٹولز کے طور پر استعمال کر رہی ہے اورفالس فلیگ آپریشنز اور منظم پروپیگنڈے کے ذریعے تحریک آزادی کشمیرکو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے ہندوتوا کے حمایت یافتہ منوج سنہا کو لیفٹننٹ گورنر لگایا گیا ہے پاکستان مخالف اور کشمیر مخالف مہمات میں تیزی آئی ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے سات دہائیوں سے زیادہ عرصے سے آواز اٹھارہا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حوصلے بلند کرنے کا کام کیا ہے۔ حریت ترجمان نے کہاکہ بھارت دہشت گردی کی سرپرستی اور پاکستان مخالف پروپیگنڈے کے لئے جانا جاتاہے لیکن بی جے پی حکومت پاکستان اور تحریک آزادی کشمیر کو بدنام کرنے کی اپنی سازشوں میں ناکام رہے گی۔ ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس بات کو تسلیم کرے کہ بی جے پی کی ہندوتواحکومت مقبوضہ جموں وکشمیراور خطے میں امن اور لوگوں کی بنیادی آزادیوں کے لیے سنگین خطرہ ہے۔






