مقبوضہ جموں و کشمیر

او آئی سی امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی ردعمل کا مظاہرہ کرے:شاہ محمود قریشی

اسلام آباد 22 مارچ (کے ایم ایس)
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اسلامی تعاون تنظیم کے کردار کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شاہ محمود قریشی نے آج اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بطور رکن پاکستان اسلامی ملکوں کے درمیان راوادری کو فروغ دے گا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی پر زور دیا کہ وہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی ردعمل کا مظاہرہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی تقریبا دو ارب مسلمانوں کی اجتماعی آواز ہے۔ یہ مسلم ممالک اور عالمی برادری کے درمیان ایک پل ہے۔ امت مسلمہ کے اندر یکجہتی اور تعاون کو فروغ دینا پاکستان کی خارجہ پالیسی کے مرکزی ستونوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی اجلاس کے 48ویں اجلاس کے چیئرمین کی حیثیت سے پاکستان کا بنیادی ہدف مسلم ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنا ہوگا۔فلسطین اور بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمان اب بھی محکومی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قراردادوں کو اپنانے سے آگے بڑھ کر ان تنازعات کے مستقل حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button