مقبوضہ جموں و کشمیر
سرینگر :عدالت نے جھوٹے مقدمے میں چار کشمیریوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیے

سری نگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کالے قوانین ٹاڈا ، پوٹا کے تحت قائم ایک خصوصی عدالت نے تقریبا 30برس پرانے جھوٹے مقدمے میں چار کشمیریوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جار ی کیے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سری نگر میں قائم خصوصی عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج نے ضلع بڈگام کے علاقے سوئیہ بگ کے رہائشی محمد یوسف شاہ ، ضلع اسلام آباد کے علاقے سری گفوارہ کے غلام نبی خان ، ضلع بانڈی پورہ کے علاقے ملنگام کے شیر محمد اور سرینگر کے علاقے بمنہ کے رہائشی ناصر یوسف قادری کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے۔
یہ وارنٹ کاونٹر انٹیلی جنس کشمیر (سی آئی کے) نے حاصل کیے ہیں ۔ ان کے خلاف جھوٹا مقدمہ اپریل 1996 میں سرینگر کے ایک تھانے میں درج کیا گیا تھا۔ ان پر بھارت مخالف اور آزادی پسند سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔








