مقبوضہ جموں و کشمیر

سرینگر :میر واعظ کا مساجد کی پروفائلنگ ، کشمیر یوں پر حملوں پر اظہارِ تشویش

سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے بھارتی پولیس کی طرف سے مساجد کی پرفائلنگ اور بھارتی شہروں میں کشمیریوں پر بڑھتے ہوئے حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ نے آج سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں مساجد، آئمہ کرام اور انتظامی کمیٹیوںکے بارے میں بلاجواز معلومات طلب کی جا رہی ہیں جو ایک انتہائی تشویشناک معاملہ ہے۔انہوں نے کہا یہ بے جا عمل فوری طور پر بند ہونا چاہیے۔میرواعظِ محمد عمر فاروق نے مزید کہا کہ حالیہ دنوں کے دوران ہر یانہ، ہماچل پردیش ، اتراکھنڈ اور دیگر بھارتی ریاستو ں میں کشمیری طلباءاور تاجروں کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے واقعات تسلسل کے ساتھ سامنے آئے ہیں جو کشمیریوں کے تئیں دشمنی کے پریشان کن رحجان کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سردیوں کے مہینوں میں ہزاروں کشمیری محنت کش روزی کمانے کے لیے مختلف بھارتی ریاستوں کا رخ کرتے ہیں جن کے ساتھ بہیمانہ برتاﺅ انکے اہلخانہ کیلئے نہایت اضطراب کا باعث ہے۔ میرواعظ نے حکام سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں اور جموں و کشمیر سے باہر مقیم کشمیریوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔
میرواعظ نے کہا کہ انہوںنے اپنے حالیہ دورہ دہلی کے دوران جمعیت علمائے ہند کے مولانا ارشد مدنی اور مولانا محمود مدنی سمیت معروف مسلم قائدین اور علما،سے ملاقات کی اور انہیں کشمیر کی تازہ ترین صورتِ حال سے آگاہ کیا۔
میرواعظ نے مزید کہا کہ متحدہ مجلس علمائ( ایم ایم یو) جلد ہی ایک اجلاس بلائے گی جس میں مساجد کی پروفائلنگ اور بھارتی شہروں میں کشمیریوں کو درپیش مشکلات کے معاملے پر غور و خوض کیا جا ئے گا۔انہوںنے کہا کہ اگر یہ مذموم عمل بند نہ کیا گیا تو اجتماعی لائحہ عمل طے کیا جائے گا.

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button