جعلی مقابلوں میں ملوث بھارتی فوجیوںکو انعام اور ترقیاں دی جاتی ہیں: خواجہ فردوس
سرینگر 22 نومبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حریت رہنما اور ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے کہا ہے کہ حیدر پورہ جعلی مقابلے سے ثابت ہوگیا ہے کہ دہشت گرد بھارتی فوج مقبوضہ علاقے میں بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام میںملوث ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق خواجہ فردوس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ اس سے قبل بھی قابض فوج نے متعدد کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا ہے جس کی ایک مثال 18جوالائی 2018ءکو ضلع شوپیان میں راجوری سے تعلق رکھنے والے تین نوجوانوں کا بہیمانہ قتل ہے۔انہوں نے کہاکہ تحقیقات سے ثابت ہو چکا ہے کہ تینوں نوجوان مزدوری کرنے کی غرض سے شوپیاں آئے ہوئے تھے۔ حریت رہنما نے کہا کہ بھارت نے اپنی بزدل فوج کو کالے قوانین کے تحت تحفظ فراہم کیاہے جس کی وجہ سے ان کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ جعلی مقابلوں میں ملوث بھارتی فوجیوںکو انعام اور ترقیاں دی جاتی ہیں اور انہیں ایک علاقے سے تبدیل کرکے دوسرے علاقے میںتعینات کیا جاتا ہے۔خواجہ فردوس نے کہا کہ جب تک تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل نہیں کیا جاتا، کشمیریوں کا خون اسی طرح بہتا رہے گا۔ انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کو قابض بھارتی فورسزسے بچانے اور مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔