لاہور:تقریب کے مقررین کا میر واعظ مولوی محمد یوسف شاہ کو شاندار خراج عقیدت
لاہور : کشمیر سنٹر لاہور کے زیراہتمام عظیم کشمیری دینی و سیاسی رہنما، تحریک آزادی کشمیر کے ممتاز قائد سابق صدر آزادکشمیرمیر واعظ مولوی محمد یوسف شاہ کی برسی کے موقع پر ایک پروقار دعائیہ تقریب کا انعقاد مسجدبھاگ علی شاہ میں کیا گیا۔ تقریب میں مختلف سیاسی، سماجی، مذہبی اور ادبی حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات، دانشوروں،طلباءاور کشمیری کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مرحوم کی تحریک آزادی کشمیر، دینی خدمات اور ملی جدوجہد کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق تقریب سے ممتاز عالم دین سابق رکن قانون سازاسمبلی و اسلامی نظریاتی کونسل مولانا شفیع جوش، رہنما پی ٹی آئی فاروق آزاد، رہنما کشمیری کمیونٹی علامہ مشتاق قادری،مسلم لیگ ن کے رہنما عاطف میر اور انچارج کشمیرسنٹرلاہور انعام الحسن کاشمیری نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ میر واعظ مولوی محمد یوسف شاہ برصغیر کے ممتاز دینی رہنما، مدبر سیاستدان اور کشمیری عوام کے سچے ترجمان تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیری عوام کے سیاسی، دینی اور سماجی حقوق کے تحفظ کے لیے وقف کر دی۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے نہ صرف کشمیری عوام کی سیاسی رہنمائی کی بلکہ علمی و دینی میدان میں بھی گراں قدر خدمات سرانجام دیں اور نوجوان نسل میں آزادی، خودداری اور دینی شعور کو بیدار کیا۔مقررین نے کہا کہ میر واعظ مولوی محمد یوسف شاہ تحریک آزادی کشمیر کی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہیں۔ انہوں نے مشکل حالات اور شدید دباو کے باوجود ہمیشہ حق اور انصاف کی آواز بلند کی اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے جرات و استقامت کے ساتھ جدوجہد جاری رکھی۔ ان کی قیادت، بصیرت اور قربانیاں آج بھی کشمیری عوام کے لیے مشعل راہ ہیں۔مقررین نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کے عوام بدستور اپنے بنیادی حق ،حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں ،ان کی یہ جدوجہد دراصل ان عظیم رہنماوں کی قربانیوں اور جدوجہد کا تسلسل ہے۔مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت جاری رکھی جائے گی۔تقریب کے اختتام پر مرحوم میر واعظ مولوی محمد یوسف اور شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی، پاکستان کی سلامتی اور مقبوضہ کشمیر کی جلد آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔




