فیٹف کی جانب سے بھارت کے آن سائٹ جائزے سے متعلق سیمینار بد ھ کو ہوگا
اسلام آباد :قائداعظم یونیورسٹی کے زیر اہتمام کل بروز بدھ کو ایک بین الاقوامی سیمینار میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی جانب سے بھارت کے بارے میں آئندہ ماہ کے دوران طے شدہ جائزے کے متوقع نتائج پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت پر نظر رکھنے والے عالمی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا ایک وفد نومبر میں بھارت کا دورہ کرے گا۔ فیٹف کی ٹیم بھارت کی جانب سے انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کے اقدامات کا جائزہ لے گی۔بھارت کا جائزہ فیٹف کی جانب سے طے کردہ 11فوری نتائج پر مبنی ہوگا جن میں انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام کے فریم ورک شامل ہیں۔ قائداعظم یونیورسٹی کے سکول آف پالیٹکس اور آئی آر ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام منعقد کئے جانیوالے سیمینار میں تقریبا 300 پی ایچ ڈی سکالرز، معروف صحافی اور بین الاقوامی مندوبین شرکت کریں گے۔کانفرنس کے اہم مقررین میں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی، وزیراعظم کے مشیر خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود خان، کینیڈا کی کونکورڈیا یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر باقر ملک، نیشنل یوتھ الائنس کے صدر کامران سعید عثمانی، زی نیوز کے تجزیہ کار ڈاکٹر راجہ کاشف جنجوعہ اور یو این او ڈی سی کے نیشنل کنسلٹنٹ برائے سائبر کرائمز اینڈ فرانزک فتح الدین بی محمود شامل ہیں۔سیمینار کے مقررین میں پاکستان میں المیادین بیروت کے بیورو چیف بکر یونس، العربیہ ٹی وی چینل قطر کے بررا خالد اور قائداعظم یونیورسٹی کے ڈاکٹر ظفر نواز جسپال بھی شامل ہیں۔