سید علی گیلانی کی پانچویں برسی کے موقع پر برمنگھم میں کشمیر کانفرنس کا انعقاد
برمنگھم : قائد حریت سید علی گیلانی کی پانچویں برسی کے موقع پر تحریکِ کشمیر برطانیہ کے زیرِ اہتمام برمنگھم میں کشمیر کانفرنس کا انعقادکیاگیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانفرنس کی میزبانی تحریکِ کشمیر برطانیہ اور آل پارٹیز انٹرنیشنل کشمیر کوآرڈینیشن کمیٹی نے مشترکہ طورپرکی۔کانفرنس میں سیاسی، سماجی ،مذہبی اور کمیونٹی رہنماو¿ں سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی اور تحریکِ آزادی کشمیر کے لیے سید علی گیلانی کی خدمات اور جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔مقررین میںتحریکِ کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، آزاد جموں و کشمیر حکومت کے سابق سیکریٹری عبدالحمید، تحریکِ کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، کونسلر شوکت علی خان، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر مڈلینڈز برطانیہ کے صدر چوہدری محمد شکیل، مولانا سرفراز احمد مدنی، ڈاکٹر خرم بشیر، برٹش پاکستانی فورم کے ڈاکٹر بشیر ظہیر، پیپلز پارٹی برطانیہ مڈلینڈز کے سینئر نائب صدر مرزا اختر محمود، حافظ محمد ادریس، محمد ایوب سرخوی، چوہدری اکرام الحق، تحریکِ کشمیر برمنگھم کے صدر سردار خان، واجد بشیر اور دیگر شامل تھے۔مقررین نے سید علی گیلانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ جرات، استقامت اور مزاحمت کی علامت تھے۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی نے ظلم و جبر کے سامنے ہمیشہ حق اور سچ کی آواز بلند کی اور جموں و کشمیر کے عوام کے سیاسی حقوق کے لیے اپنی پوری زندگی جدوجہد میں گزاری۔مقررین نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں کے لیے سید علی گیلانی کے معروف پیغام ”ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے“ کا بھی حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو سید علی گیلانی کی عظیم قربانیوں، سیاسی فکر، نظریے اور غیر متزلزل کردار سے آگاہ کرنا ضروری ہے تاکہ ان کی جدوجہد اور پیغام آنے والی نسلوں تک پہنچ سکے۔کانفرنس کے اختتام پر کشمیر اور فلسطین کی آزادی اور شہدائے جموں و کشمیر کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔



