فلسطینی اور کشمیری بچوں کیخلاف جنگی جرائم پر عالمی برادری کی خاموشی تشویشناک ہے، راجہ پرویز اشرف
اسلام آباد:
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ عالمی برادری کی فلسطینی اور کشمیری بچوں کیخلاف جنگی جرائم پر خاموشی تشویش ناک ہے۔
بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں جسے سنوارنے کیلئے بہتر تعلیم و تربیت ضروری ہے ،اسرائیلی فورسز کی جانب سے فلسطینی بچوں کا قتل عام دنیا بھر کیلئے لمحہ فکریہ ہے، اقوام عالم فلسطینی بچوں پر اسرائیلی مظالم کو روکنے کیلئے کردار ادا کرے ،بچوں کو جبری مشقت اور ذہنی و جسمانی استحصال سے بچانے کیلئے مزید موثر اقدامات کی ضرورت ہے ۔ بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت اور انہیں فیصلہ سازی میں شامل کرنا ضروری ہے ۔ بچوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کیلئے پہلی بار پارلیمانی کاکس برائے چائلڈ رائٹس کا قیام عمل میں لیا گیا۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کی 15ویں قومی اسمبلی نے بچوں کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ۔راجہ پرویز اشرف نے افسوس ظاہرکیاکہ عالمی برادری کی فلسطینی اور کشمیری بچوں کے خلاف جنگی جرائم پر خاموشی تشویش ناک ہے۔