بھارت :انتخابات کے بعدمغربی بنگال میں مساجد، مسلمانوں کے گھروں،کاروبار کو نشانہ بنایا گیا: رپورٹ

نئی دہلی: بھارت میں شہری حقوق کی معروف تنظیم ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس نے کہاہے کہ مغربی بنگال میں بی جے پی کی انتخابی جیت کے بعد 4 سے 7 مئی کے درمیان مسلمانوں کے خلاف تشدد کے 34 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اے پی سی آر کی رپورٹ میں دو ہلاکتوں کا حوالہ دیا گیا ہے جن میں ایک مسلمان شخص بھی شامل ہے جو کوچ بہار کے علاقے گوسانیماری میں ایک مسجد کی حفاظت کے دوران مارا گیا تھا۔ کوچ بہار اور شمالی 24 پرگنہ میں تشدد کے سات واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ جنوبی 24 پرگنہ اور کولکتہ میں پانچ پانچ واقعات ہوئے۔کم از کم 54 جائیدادوں پر حملہ کیا گیا جس سے تقریباً 50 مسلمان متاثر ہوئے۔ مساجد پر حملہ کیا گیا، باراسات میں مسلمانوں کے ملکیتی ہوٹلوں کو منہدم کیا گیا، نندینا اور ابوترا دیہات میں گھروں میں توڑ پھوڑ کی گئی اور گوشت کی دکانوں اور مویشی منڈیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ رپورٹ میں بلڈوزر جلوسوں اور مسلمانوں سے منسلک سڑکوں کے نام بدلنے کی کوششوں کا بھی حوالہ دیاگیا۔ اے پی سی آر نے کہا کہ مقامی ذرائع سے مرتب کردہ رپورٹ انفرادی واقعات کے بجائے دشمنی کے وسیع ماحول کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔





