سرینگر :ٹھیکیداروں کا عدم ادائیگیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

سری نگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای) سے وابستہ ٹھیکیداروں نے راجباغ میں چیف انجینئر کمپلیکس میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور زیر التواءادائیگیوں کو فوری طور پر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ٹھیکیدار کمپلیکس میں جمع ہوئے اور دیہی واٹر سپلائی سکیم کے تحت متعدد منصوبوں کی تکمیل کے باوجود واجبات کی ادائیگی میں تاخیر کے خلاف نعرے بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ کئی مہینوں سے بلوں کی عدم ادائیگی نے انہیں مالی پریشانی میں ڈال دیا ہے، جس سے انہیں کام جاری رکھنے، بینک کے قرضوں کی ادائیگی اور مزدوروں کو ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ کنٹریکٹرز کوآرڈینیشن کمیٹی کے ایک نمائندے نذیر احمد نے کہاکہ ہم بینک کی قسطیں ادا کرنے اور اپنے بچوںکی سکول فیس سمیت ضروری گھریلو اخراجات کا انتظام کرنے سے بھی قاصر ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبہ فوری طور پر پورا نہ کیا گیا تو وہ اپنے احتجاج میں تیزی لائیںگے۔







