مقبوضہ جموں و کشمیر

حریت کانفرنس کا نظر بند رہنماﺅں ، کارکنوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

بھارت جبر واستبداد کے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کر ہرگز مرعوب نہیں کرسکتا، ترجمان

سری نگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنماﺅں اور کارکنوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زو ر دیا ہے کہ وہ انکی رہائی کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ حریت چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، نعیم احمد خان، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈار، سید شاہد یوسف، ایڈووکیٹ میاں عبدالقیوم، مشتاق الاسلام، بلال صدیقی، مولوی بشیر عرفانی، ڈاکٹر حمید فیاض، عبدالاحد پرہ، ایڈووکیٹ زاہد علی، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، ظفر اکبر بٹ، غلام قادر بٹ، رفیق احمد گنائی، عمر عادل ڈار، سلیم ننا جی، محمد یاسین بٹ ، فیاض حسین جعفری، فردوس احمد شاہ، اسد اللہ پرے، انسانی حقوق کے محافظ خرم پرویز، صحافی عرفان مجید نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل اور دیگر بھارتی جیلوں کے علاوہ مقبوضہ علاقے کی جیلوں میں برسہا پرس سے جھوٹے مقدمات میں پبلک سیفٹی ایکٹ اور یو اے پی اے جیسے کالے قوانین کے تحت نظر بند ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مشتاق الاسلام کی بینائی اس حد تک خراب ہوچکی ہے کہ وہ انتہائی کم فاصلے پر بھی کچھ نہیں دیکھ سکتے۔ انہوںنے کہا کہ افسوسناک بات یہ ہے کہ علیل افراد کو کسی قسم کی طبی سہولت بھی فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ حریت رہنماﺅں اور کارکنوں سمیت پانچ ہزار کے لگ بھگ کشمیری اس وقت جیلوں اور عقوبت خانوں میں قید ہیں۔بھارت غیر قانونی گرفتاریوں اور جبر واستبداد کے دیگر ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کو مرعوب کرنے کی کوشش کررہا ہے تاہم وہ اپنے مذموم منصوبوں میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگا۔انہوںنے کہا کہ تنازعہ کشمیر کا بہترین حل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد میں مضمر ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تصفیہ طلب تنازعہ کشمیر خطے میں پائیدار امن و ترقی کی راہ میں ایک بنیادی رکاوٹ ہے۔ترجمان نے خبر دار کیا کہ تنازعہ کشمیر کو ہرگز مزید نظر اندازنہیں کیا جاسکتا کیونکہ اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کے وحشیانہ جبر کے باوجودکشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ حق پر مبنی اپنی تحریک کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں۔
ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ نہتے کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم اور علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے مذموم بھارتی عزائم کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیرکو اپنی پاس کردہ قراردادوں کےمطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button