پی ڈی پی کے نوجوان رہنما وحید پرہ جیل میں بے ہوش پائے گئے
سرینگر 02 فروری (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے غیر قانونی طور پر نظر بند نوجوان رہنما وحید پرہ کوجیل میں بے ہوش پایاگیا ہے۔
وحید پرہ کو سنٹرل جیل سرینگر میں بے ہوش پایا گیاجو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی طرف سے درج کیے گئے مختلف جھوٹے مقدمات میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت نظر بند ہیں۔ جیل کے قیدی ان کے بے ہوش ہونے پر گھبرا گئے تو جیل حکام انہیں معائنے کے لیے پولیس اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے وحیدہ پرہ کا مزید علاج اور ٹیسٹ کرانے کا مشورہ دیا۔وحید پرہ کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وحید کی صحت روز بروز بگڑتی جارہی ہے اور ہم یہ سن کر صدمے میں ہیں کہ وہ بیرک میں بے ہوش پائے گئے ہیں۔اہل خانہ نے وحید پرہ کے لیے بہتر طبی سہولیات کا مطالبہ کیا ہے۔سرکاری ذرائع نے صحافیوں کو بتایا کہ وحید کو اچانک بلڈ پریشر (بی پی) گرنے کے بعد ہسپتال لے جایا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ طبی امداد دینے کے بعد پرہ کو ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا اور انہیں واپس سنٹرل جیل سرینگر منتقل کر دیا گیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ وحیدہ پرہ کوبھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے 25 نومبر 2020 کو گرفتار کیا تھاجب انہوں نے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) کے انتخابات کے لیے اپنی امیدواری کا اعلان کرکے کاغذات نامزدگی داخل کیے تھے۔