مقبوضہ کشمیر :اسمبلی انتخابات میں تاخیر پر سیاسی جماعتوں کی کڑی تنقید
سرینگر :غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کی سیاسی جماعتوں نے جموں و کشمیرمیں اسمبلی انتخابات ملتوی کرنے کے بھارتی الیکشن کمیشن کے فیصلے پرسخت تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی زیرقیادت نیشنل کانفرنس نے 2014سے مقبوضہ علاقے میں اسمبلی انتخابات نہ کرانے پر بھارتی الیکشن کمیشن کی شدید مذمت کی ۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ قابض انتظامیہ دانستہ طورپر مقبوضہ علاقے میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کررہی ہے ۔ انہوں نے بھارتی سپریم کورٹ کی واضح ہدایات کا حوالہ دیا جس میں ستمبر تک انتخابات کا انعقاد لازمی قرار دیا گیا ہے۔عمر عبداللہ نے مودی حکومت کی امتیازی پالیسیوں پر خاص طور پر اقلیتوں کو نشانہ بنانے پر بی جے پی پرکڑی تنقید کی ۔ کانگریس کے لیڈر غلام احمد میر نے جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کیلئے سیکورٹی کی سنگین صورتحال کے قابض انتظامیہ کے دعوئوں کو مسترد کردیا۔