28 مئی:جب پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا

اسلام آباد: پاکستان نے 28مئی1998کو چھ کامیاب ایٹمی تجربات کر کے اپنے ازلی دشمن بھارت کے تما م ناپاک عزائم خاک اوراسکا غرور وگھمنڈ خاک میںملادیا اور اسے یہ واضح پیغام دیا کہ پاکستان اپنے دفاع میں خود کفیل ہے۔
آج ” یوم تکبر ” پرکشمیرمیڈیاسروس کیطرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیاکہ بھارت نے قبل ازیںپانچ ایٹمی دھماکوں کیے تو پاکستان پر دبائو تھا کہ وہ جواب نہ دے لیکن قوم کے اتحاد اور قیادت کے عزم نے ایک نئی تاریخ رقم کر ڈالی۔پاکستان کے مضبوط و موثر دفاع کے لیے ضروری تھا کہ وہ ایٹمی قوت بنے کیوں کہ بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے بعد خطے میں دفاعی توازن بری طرح بگڑ گیا تھا۔
جنگی جنوں میں مبتلا بھارتی قیادت نے دھماکوں کے بعد پاکستان کو دھمکی آمیز بیانات دینے شروع کردیے، پاکستان کے سیاسی اور عوامی حلقوں کی جانب سے بھارت کو جواب دیئے جانے کا مطالبہ ہوا، شدید عوامی دبا اور بھارت کے عزائم کو سامنے رکھتے ہوئے حکومت پاکستان نے بھی ایٹمی دھماکے کرنے کا فیصلہ کیا، جس پر متعدد ممالک پاکستان کو ایٹمی دھماکوں سے روکنے کے لیے سرگرم ہوئے۔یہ ایک کڑا وقت تھا،لیکن حکومت نے دو ٹوک فیصلہ کر لیا اور دھماکوں کے لیے بلوچستان کے علاقے چاغی کی پہاڑی کو چنا گیااور پھر28 مئی 1998 کو پاکستان نے اسلامی دنیا کی پہلی دنیا کی ساتویں ایٹمی قوت ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
بلا شبہ آج28 مئی کا دن خطے اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے انتہائی مبارک دن ہے ۔ یہ کامیابی محض ایک سائنسی کارنامہ نہیں بلکہ قومی خودداری، سالمیت اور دفاعی خود مختاری کی علامت ہے، اس دن پاکستان نے دنیا کو دکھایا کہ وہ اپنے دشمنوں کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔آج کا دن ہمیں اپنے قومی ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنے، ملکی دفاع کو مضبوط بنانے اور اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کے عزم کو دہرانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔




