امریکی صدر نے ایک مرتبہ پھر پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی کا کریڈٹ لے لیا
واشنگٹن:
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر پاک بھارت جنگ بندی کا کریڈٹ لیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے دونوںملک کے درمیان جنگ کو تجارت کے ذریعے ختم کیا ۔ ہم پاکستان اور بھارت کے ساتھ بڑے معاہدے کرنے جارہے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق صدر ٹرمپ نے وائٹ ہائوس میں جنوبی افریقہ کے صدر سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو میںپاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی معاہدے کی تعریف کی۔انہوں نے ایک بار پھر جنگ بندی کا کریڈٹ لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ بڑے معاہدے کر رہے ہیں، دونوں ممالک کے درمیان مسئلہ بڑے سے بڑا، گہرے سے گہرا اور بدترین ہوتا جا رہا تھا۔انہوں نے جنوبی افریقہ کے صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہ آپ دیکھیں کہ ہم نے پاکستان اور بھارت کے ساتھ کیا کیا؟ ہم نے پورے معاملے کو حل کیا اور میرا خیال ہے کہ میں نے یہ تجارت کے ذریعے کیا اور ہم بھارت اور پاکستان کے ساتھ بڑے معاہدے کرنے جارہے ہیں۔صدر ٹرمپ نے مزیدکہا کہ پاکستان میں کچھ شاندار لوگ ہیں اور وہاں ایک زبردست لیڈر موجود ہے۔دفاعی ماہرین کے مطابق صدرٹرمپ کا تازہ تبصرہ رواں ماہ کے اوائل کے بیانات کی تصدیق ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیاتھا کہ امریکہ نے بھارت کی درخواست پر پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کرائی ۔ صدر ٹرمپ کے اس دعوے پر بھارت نے خاموشی اختیار کی تاہم پاکستان نے شکریہ ادا کیاتھا۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے جھوٹے بیانیے کو صدر ٹرمپ نے واضح طورپر رد کرتے ہوئے سچائی دنیا کے سامنے رکھ دی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں امریکی ثالثی کا اہم کردار تھا، جسے بھارت جھٹلاتا رہا۔







