پاکستان رام مندر کے معاملے کو عالمی فورمز پرمو¿ثر طریقے سے اٹھا رہا ہے، منیر اکرم
اسلام آباد:اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے منیر اکرم نے بابری مسجد کے مقام پر رام مندرکے حالیہ افتتاح کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مندر کے معاملے کو مو¿ثر طریقے سے اجاگر کرنے کے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق منیر اکرم نے آج (جمعہ) ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک عالمی سطح پر تسلیم شدہ اور علاقائی طور پر اہم مقدس مقامات کے تحفظ کی کوششوں کی حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو اجاگر کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطح کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارت میں اسلامی مقامات کے تحفظ کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرے۔ او آئی سی کے سفیروں نے بھی اس مسئلے کی اہمیت کو تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مذہبی مقامات کے تحفظ پر ایکشن پلان کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔
منیر اکرم نے کہا کہ اقوام متحدہ کے حکام کشمیر کاز کو عالمی فورمز پر اٹھانے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حوصلہ افزائی کر رہے ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں، ظلم و ستم اور قید و بند کی صعوبتوں کا سامنا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اظہار رائے کی آزادی سلب کی گئی ہے ،صحافیوں کو گرفتار اور قید کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تمام اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کشمیر سے متعلق متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔
منیر اکرم نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور دو طرفہ معاہدوں کے مطابق پرامن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کیلئے لازم ہے کہ وہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی ان خلاف ورزیوں کے بارے میں بات کرے کیونکہ اس کی خاموشی سے بھارت کو مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی جاری رکھنے کی شہ مل رہی ہے۔