معرکہ حق میں بھارت کی شکست مدتوں یاد رکھی جائے گی:خواجہ آصف
آزادکشمیر میں امن کوتباہ کرنے کی بھارتی کوشش ناکام ہوچکی ہے

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ گزشتہ سال معرکہ حق میں بھارت کو جو شکست ہوئی، اس کی تکلیف اور ذلت آج بھی انہیں محسوس ہو رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق خواجہ آصف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس شکست کی داستان تاریخ میں مدتوں یاد رکھی جائے گی۔ اگر انہوں نے دوبارہ کسی قسم کی مہم جوئی کرنے کی کوشش کی تو انشاءاللہ ہم ہر وقت اور ہر لمحہ تیار ہیں اور پچھلی بار سے بھی زیادہ ذلت آمیز شکست بھارت کا مقدر بنے گی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ آزادکشمیر میں امن کوتباہ کرنے کی بھارتی کوشش ناکام ہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں جو زبان بولی جا رہی ہے ، وہ نہ آزاد کشمیر کی نمائندہ زبان ہے اور نہ ہی پاکستان کی، یہ دراصل بھارت کے بیانیے کی عکاس ہے۔ جو بھی اس انداز میں بات کر رہا ہے ، وہ بھارت کے موقف کو تقویت دے رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جو لوگ برطانیہ میں بیٹھ کر ان سرگرمیوں کو ہوا دے رہے ہیں اور انہیں فنڈ کر رہے ہیں، وہ بھی بھارت کے پراکسی نیٹ ورک کا حصہ بن کر کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایران کا مسئلہ خوش اسلوبی سے حل ہوا ہے۔ اس کے بعد ہم پوری یکسوئی کے ساتھ بھارت کی جانب سے ہونے والی مداخلت اورافغانستان کے ذریعے ہمارے خلاف جاری پراکسی جنگ پر توجہ دیں گے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ آبی جارحیت کا بھی مکمل بندوبست کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا اگر اس مسئلے کا حل امن کے ذریعے نکل آئے تو یہ بہت اچھی بات ہوگی لیکن اگر امن کا راستہ مو ثر ثابت نہ ہوا تو پھر دوسرے آپشنز بھی موجود ہیں۔






