کشمیریوں کا پاکستان کے ساتھ اٹوٹ رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا:امیر مقام
کوٹلی:وفاقی وزیر برائے امورکشمیرو گلگت بلتستان امیر مقام نے کشمیریوں کی محبت اور پیار کو اپنا سب سے بڑا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر اور پاکستان کے عوام کے درمیان اٹوٹ رشتہ ہمیشہ قائم رہے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق امیر مقام نے کوٹلی میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس اہم فوجی فتح کے بعد یوم آزادی نئے جوش و جذبے کے ساتھ منا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر اس کے غرور کو خاک میں ملادیا اور عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کیا۔انہوں نے کہا کہ جنگ کے دوران کشمیریوں نے جس جذبے کا مظاہرہ کیا وہ قابل دید تھا، پاکستان کی فتح کی خوشی میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جشن منایا جارہا ہے۔وفاقی وزیر نے عزم ظاہرکیا کہ پاکستان ہر عالمی پلیٹ فارم پر کشمیر کاز کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔امیر مقام نے یقین ظاہر کیا کہ جموں و کشمیر کے عوام ایک دن اپنے جائز حق خودارادیت کے حصول میں کامیاب ہو جائیں گے جس کی ضمانت بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی قراردادوں میں دی گئی ہے، جس سے وہ ظلم اور ناانصافی سے آزاد ہو کر امن، وقار اور آزادی کے ساتھ زندگی گزار سکیں گے۔







