وزیر تعلیم کے مستعفی ہونے تک ہم جنتر منتر خالی نہیں کریں گے، سی جے پی

نئی دلی: کاکروچ جنتا پارٹی ( سی جے پی) نے واضح کیا ہے کہ وہ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے مستعفی ہونے تک جنتر منتر پر جاری اپنا احتجاج ختم نہیں کرے گی۔ تنظیم نے ماحولیاتی کارکن سونم وانگ چک سے اپیل کی کہ وہ اپنی بھوک ہڑتال ختم کردیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سی جے پی کے بانی ابھیجیت ڈبکے نے ”ایکس “پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا کہ سونم وانگ چک کی بھوک ہڑتال کے 25ویں روز بھی وزیر اعظم نے اپنی خاموشی نہیں توڑی ہے ، سیاست صرف الیکشن ریلیاں نکالنا اور انتخابات جیتنا نہیں ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ظلم وستم کے باوجود آج بھی ہزاروں احتجاجی جنتر منتر پر موجودہیں ، پردھان منتری(وزیر اعظم) کو منتری(وزیر) دھرمیندر پردھان سے اتنا پریم(پیار) کیوں ہے ؟انہوںنے کہا کہ سونم وانگ چک کی قربانی نے سارے ملک کے طلباءکو ایک نئی تحریک دی ہے ، انہیں اب اپنی بھوک ہڑتال ختم کرکے اپنی صحت کو ترجیح دینی چاہیے، مطالبات پورے ہونے تک ہمار ا احتجاج جاری رہے گا۔
سی جے پی ترجمان آشو توش رانکا نے بھی ایک بیان میں کہا کہ ہم دھرمیندر پردھان کے مستعفی ہونے تک یہ جگہ چھوڑنے والے نہیں ، نوجوان اب مزید خاموش نہیں رہیں گے ۔







