چھتیس گڑھ :مائو نواز باغیوں کے خلاف کارروائی میں بھارتی فوج کے 11کمانڈوز زخمی
نئی دلی:
بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے ضلع بیجاپور میں مائو نوازباغیوں کے خلاف ایک کارروائی کے دوران دیسی ساختہ بم دھماکوں میں بھارتی فوج کے کم سے کم 11 کمانڈو زخمی ہوگئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق دھماکے کریگٹہ ہلز کے جنگل کے علاقے میں ہوئے جہاں مائونوازباغیوں نے مبینہ طور پر متعدد آئی ای ڈی نصب کر رکھی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق علاقے میں بھارتی فوجیوں کے آپریشن کے دوران چھ دھماکے ہوئے۔زخمی اہلکاروں میں سے دس کا تعلق ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈسے ہے، جو چھتیس گڑھ پولیس کی ایک یونٹ ہے جبکہ ایک کا تعلق سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی ایلیٹ کوبرا یونٹ سے ہے۔ زخمی کوبرا افسر کی شناخت 210ویں بٹالین کے سب انسپکٹر ردریش سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا جب بھارتی حکومت وسطیٰ ہندوستان میں 31مارچ 2026تک ما ئو نواز باغیوں کے خاتمے کیلئے بڑے پیمانے پر انسداد بغاوت کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔سرکاری اعداد و شمار سے ظاہرہوتا ہے کہ چھتیس گڑھ کے بیجا پور، سکما اور نارائن پور اضلاع شورش سے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں۔








