کشتواڑ: نابالغ بچی کی عصمت دری اور قتل کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج

جموں : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کے علاقے چترو میں ایک نابالغ بچی کی عصمت دری اور قتل کے خلاف نماز جمعہ کے بعد علاقے میںبڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقامی لوگوں، کمیونٹی رہنماؤں اور طلباء نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا اوراس گھنائونے واقعے میں ملوث ملزم کی فوری گرفتاری اور اسے قرارواقعی سزائے دینے کا مطالبہ کیا۔
ادھر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور ضلع کشتواڑ کے علاقے چترو میں ایک نابالغ بچی کی عصمت دری اورقتل کے سلسلے میں دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں ایک سرکاری اسکول کا ہیڈ ماسٹر اور اس کا بھائی شامل ہیں۔واقعے کے خلاف علاقے میں لوگوں نے شدید غم و غصہ ظاہر کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر احتجاج کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق علاقے میں رات بھر سے احتجاج جاری ہے اور لوگ سڑکوں پر نکل کر نابالغ بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل کی مذمت کر رہے ہیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ مجرم کو بغیر کسی رعایت کے سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات پیش نہ آ سکیں۔ مقامی رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے اور واقعے کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں۔









