مقبوضہ جموں و کشمیر

بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں ایک جائز سیاسی جدوجہد کو کچلنے کے لئے ریاستی مشینری کا استعمال کررہا ہے: شبیر شاہ

shabirسرینگر30مئی(کے ایم ایس)غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور جموںو کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور تیزی سے بگڑتی ہوئی سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
.کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں وادی میں بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف بھارت نے اپنی فورسز کو بے گناہ کشمیریوں کو قتل کرنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اوردوسری طرف جائز سیاسی آوازوں کو خاموش کرانے کے لیے بے شرمی سے انسداد دہشت گردی کے قوانین کا استعمال کر رہا ہے۔جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو عمر قید کی سزاسنائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کی غیر منصفانہ سزا اور منصفانہ ٹرائل کے حق سے انکار اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ بھارت کس طرح حق خودارادیت کی جائز سیاسی جدوجہد کو کچلنے کے لیے اپنی ریاستی مشینری کو استعمال کر رہا ہے۔مقبوضہ جموںوکشمیر میں نوجوانوں کی شہادتوں میں حالیہ اضافے کے بارے میں شبیر شاہ نے کہا کہ شہریوں بالخصوص نوجوانوں کا منظم قتل مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارتی حکومت کی سازش کا حصہ ہے۔شبیرشاہ نے کہا کہ بھارتی فورسزبے گناہ اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنارہی اور بے رحمی سے قتل رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بات حیران کن ہے کہ سول سوسائٹی کے کارکنوں ، صحافیوں اورانسانی حقوق کے محافظوں کو ملک دشمن قوانین کے تحت گرفتارکیا جا رہا ہے اور جیلوں اور تفتیشی مراکز میں بدترین سلوک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ حریت رہنما نے اسے جنیوا کنونشن اور دیگر عالمی معاہدوں کی واضح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے کارکنوں اور ان کے اہلخانہ کو ہراساں کرنا بھارتی حکومت کی جانب سے علاقے میں اختلاف رائے کو دبانے کی مہم کا حصہ ہے۔انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کے کارکنوں کو ہمیشہ نشانہ بنایاجاتا ہے ،انہیں وادی کے طول و عرض میں تعینات بھارتی فورسز کی طرف سے گرفتار ، تشدداور تذلیل کا نشاہ بنایا اور ہراساں کیا جاتا ہے۔ شبیر احمد شاہ نے بے گناہ کشمیریوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا جو مختلف بھارتی جیلوں میں قید ہیں۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ شورش زدہ علاقے میں انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں کا موثر نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری اپنی بے حسی کی پالیسی کو ترک کرے اور دیرینہ تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button