منی پور: کوکی(عیسائی) تنظیم کا غیر قانونی چوکیوں کو فوری ہٹانے کا مطالبہ
امپھال: شورش زدہ ریاست منی پور میں سرگرم” کوکی” ( عیسائی )برادری کی قبائلی تنظیم ‘کمیٹی آن ٹرائبل یونٹی’ نے ماکوئی کے علاقے میں حالیہ خونریزی کے بعد ریاستی حکومت سے چوانگ کیننگ اور تھونگ لانگ کے مقامات پر قائم غیر قانونی چوکیوں کو فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تنظیم کا کہنا ہے کہ ان غیر قانونی ناکہ بندیوں اور چوکیوں کے باعث سویلین شہریوں، بالخصوص مریضوں کی ہسپتالوں تک بروقت رسائی ناممکن ہو چکی ہے اور علاقے میں خوراک اور ادویات جیسی ضروری اشیا کی ترسیل شدید متاثر ہو رہی ہے۔ تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ چوانگ کیننگ اور تھونگ لانگ میں قائم غیر قانونی چوکیاں فوری طور پر مسمار کی جائیں تاکہ شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت اور امدادی سامان کی ترسیل بحال ہو سکے۔ کوکی تنظیم نے کہا کہ ٹوائلانگ علاقے سے تعلق رکھنے والے مریض ان چوکیوں پر عائد پابندیوں کی وجہ سے وقت پر ہسپتال نہیں پہنچ پاتے، جس کے نتیجے میں اموات واقع ہوجاتی ہیں۔
تنظیم نے حکومت پر زور دیا ہے کہ خطے میں قبائلی برادریوں کے درمیان کشیدگی اور خونریزی پھیلانے کے ذمہ دار عسکری گروپوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ تنظیم نے خبردار کیا کہ اگر ان چوکیوں کو ہٹا کر سپلائی لائنز کو بحال نہ کیا گیا تو علاقے میں ایک بار پھر انتقامی تشدد کا نیا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔







