بھارت :اتر پردیش میں ہندو انتہاپسندوں نے19 سالہ مسلمان نوجوان کو قتل کردیا
لکھنو: بی جے پی کے زیر اقتدار بھارتی ریاست اترپردیش میں ہندو انتہاپسندوں نے ایک 19 سالہ مسلمان نوجوان کو اغوا کرکے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقتول نوجوان کی شناخت انس عرف آیان کے نام سے ہوئی جو ضلع سنبھل کے گاو¿ں بھوانی پور کا رہائشی تھا۔ انس آٹھ دن تک انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں رہنے کے بعد انتقال کر گیا۔ اہلخانہ کے مطابق ایک جھوٹے کیس میں ضمانت پر رہا ہونے کے فوراً بعد اسے ہندو انتہاپسندوں نے اغوا کیا اور بے رحمی سے مارا پیٹا ۔ نوجوان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ 18 جون کو بچوں کے درمیان جھگڑے کی وجہ سے پیش آیا جس کے بعد انس کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے والد عظیم الدین نے بتایا کہ جب انس ضمانت حاصل کر کے گھر واپس آ رہاتھا تو ان کی گاڑی کو نندا فیکٹری کے سامنے ایک مزار کے قریب ہندو انتہاپسندوں کے ایک مسلح گروپ نے روک لیا۔انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں نے گاڑی کو گھیرے میں لے لیا، توڑ پھوڑ کی، اس میں سوار افراد پر لاٹھیوں سے حملہ کیا اور انس کو بندوق کی نوک پر زبردستی اغوا کر لیا۔ اہل خانہ کے مطابق انس تھوڑی دیر کے لیے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا اور قریبی ہوٹل میں پناہ لی، لیکن حملہ آوروں نے اس کا سراغ لگایا، اس پر دوبارہ حملہ کیا اور اسے زبردستی گاڑی میں بٹھا کر لے گئے۔انس کے بھائی فیضان نے بتایا کہ ہتھیاروں سے لیس حملہ آوروں نے انس کو باہر گھسیٹ کر اغوا کرنے سے پہلے گاڑی کی کھڑکیاں توڑ دیں۔عظیم الدین نے کہا کہ خاندان نے بعد میں انس کو شدید زخمی حالت میں پایا اور اسے پولیس اسٹیشن لے گئے، جہاں سے اسے مراد آباد کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا۔ آٹھ دن تک زیر علاج رہنے کے باوجود وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔عظیم الدین نے کہا کہ انس کو شدید زخمی حالت میں پائے جانے کے بعد ہم اسے پولیس اسٹیشن لے گئے۔ وہاں سے اسے علاج کے لیے مراد آباد کے ایک اسپتال میں منتقل کیا گیا، لیکن اس کی جان نہیں بچائی جا سکی۔عظیم الدین نے کہا اب ہم صرف انصاف چاہتے ہیں۔ انس کی والدہ فریدہ نے ذمہ داروں کو عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہاکہ میرا بیٹا کبھی واپس نہیں آئے گا، لیکن میں چاہتی ہوں کہ اس کے قاتلوں کو اتنی سخت سزا دی جائے کہ کسی اور ماں کو یہ تکلیف نہ سہنی پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بیٹے کے قتل میں ملوث تمام افراد کو سخت ترین سزا ملنی چاہیے۔




