این آئی اے عدالت نے کولگام کے نوجوان کو اشتہاری قراردے دیا

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے ”این آئی اے” کی ایک عدالت نے ضلع کولگام کے ایک نوجوان کو اشتہاری قراردینے کا نوٹس جاری کردیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نوجوان کے خلاف جس کی شناخت ذاکر احمد گنائی کے نام سے ہوئی ہے اورکولگام کے علاقے متلہامہ کا رہائشی ہے، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون”یو اے پی اے” کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ عدالت نے اسے حکام کے سامنے پیش ہونے کے لیے 30دن کا وقت دیا ہے، پیش نہ ہونے پر مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ عدالت پہلے ہی ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر چکی ہے۔ پولیس نے نوجوان کی رہائش گاہ اور عوامی مقامات پرنوٹس چسپاں کیا۔ سیاسی اور انسانی حقوق کی تنظیمیں طویل عرصے سے کہہ رہی ہیں کہ بھارت امن و امان کی آڑ میں کشمیری عوام کی سیاسی امنگوں کو دبانے اور آزادی پسند نوجوانوں کو نشانہ بنانے کے لیے این آئی اے سمیت اپنی ایجنسیوں اوریواے پی اے جیسے کالے قوانین کو استعمال کر رہا ہے۔







