بھارت : اترپردیش کے ہندوتوا وزیر اعلیٰ کے آبائی شہر میں بہت سے علاقوں کے مسلم نام تبدیل
لکھنو05ستمبر(کے ایم ایس)بھارت کو ہندو راشٹربنانے کے ایک اوراقدام کے طوپر ریاست اترپردیش کے ہندوتوا وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے آبائی شہر گورکھپور میں بہت سے علاقوں کے مسلم نام تبدیل کردیے ہیں۔
گورکھپور کی میونسپل کارپوریشن نے حد بندی کا ایک مسودہ آرڈر جاری کرتے ہوئے مسلم ناموں والے تقریبا ایک درجن وارڈوں کے نام تبدیل کر دیے ہیں۔ بی جے پی حکومت کے اس اقدام پر سماج وادی پارٹی اور کانگریس نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے اور اس اقدام کو انتشار پیدا کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔جو نام تبدیل کیے گئے ان میں میاں بازار، مفتی پور، علی نگر، ترکمان پور، اسماعیل پور، رسول پور، ہمایوں پور نارتھ، گھوسی پوروا، دائود پور، جعفرا بازار، قاضی پور خورد اور چکسہ حسین شامل ہیں۔ شہری ادارے کی طرف سے جاری حکم کے مطابق الٰہی باغ اب بندھو سنگھ نگر، اسماعیل پور کو صاحب گنج اور جعفرا بازار کو آتما رام نگر کے نام سے جانا جائے گا۔سماج وادی پارٹی کے لیڈر اور اسماعیل پور کے کارپوریٹر شہاب انصاری نے کہا ہے کہ نام کی تبدیلی پولرائزیشن کی کوشش ہے۔ انصاری نے کہا کہ پارٹی اس سلسلے میں ایک اجلاس بلائے گی اور ایک وفد ضلع مجسٹریٹ سے ملے گا اور اپنا اعتراض درج کرائے گا۔