بھارت میں جمہوریت ختم ہو چکی ہے ، پرینکا گاندھی

نئی دلی: کانگریس کی رہنما پرینکا گاندھی نے کہاہے کہ ملک میں جمہوریت ختم ہو چکی ہے ،پارلیمنٹ میںجو کچھ ہو رہا ہے ، وہ سراسر غیر جمہوری ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پرینکا گاندھی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں طلباءکے مسائل پر بات چیت کی اجازت نہیں دی جا رہی، جمہوریت میں سب سے بڑی چیز اظہار رائے کی آزادی اور پرامن احتجاج کا حق ہوتا ہے لیکن ایوان میں نہ ہی قائد حزب اختلاف اور نہ ہی اپوزیشن کے کسی دوسرے رہنما کو بولنے دیا جا رہا ہے ، ہم لوگ جب بھی بولنے کیلئے اپنی نشست سے اٹھتے ہیں تو ہمیں روک دیا جاتا ہے ، سپیکر صاحب کہتے ہیں کہ بحث ہو گی یا نہیں ہوگی ، انہیں اس حوالے سے حکومت سے پوچھنا ہے، کیا یہ جمہوریت ہے ۔
پرینکا گاندھی نے کہا کہ ہم طلباءکے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی آواز اٹھا رہے ہیں ۔ اس ملک کے نوجوانوں کے لیے سارا تعلیمی بجٹ 1.4لاکھ کروڑ کا ہے لیکن اڈانی اور امبانی کا 16لاکھ کروڑ کاقرض معاف کیا جا رہا ہے ، کسانوں ،غرباءاور طلباءکو کچھ بھی نہیں مل رہا ہے۔



