280 سے زائد بھارتی شہری افغانستان سے واپسی کے منتظر
کابل 21 اگست (کے ایم ایس)افغانستان میں پھنسے ایک کشمیری پروفیسر نے کہا ہے کہ تقریبا 100 خواتین سمیت 280 سے زائد بھارتی شہری گزشتہ 24 گھنٹوں سے افغانستان سے واپسی کے لئے ایک ہال میں انتظار کر رہے ہیں۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پروفیسر آصف نے جو افغانستان کی ایک یونیورسٹی میں خدمات انجام دے رہے ہیں کہاکہ ہمیں سوشل میڈیا کے ذریعے ایک شخص نے جو بھارتی شہریوں کو افغانستان سے واپسی میں مدد کررہا ہے، مطلع کیا تھا کہ ہم وطن واپسی کے لئے ایک شادی ہال پرپہنچیں۔انہوں نے کہا اگرچہ ہال کے باہر دکانیں اور کاروباری ادارے کھلے ہیں لیکن انہیں سیکورٹی وجوہات کی بنا پر مرکزی دروازے پر تعینات سکیورٹی گارڈز باہرجانے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔ پروفیسر آصف نے کہا کہ ان کے ساتھ سوشل میڈیا پر رابطہ کیا گیا تھا اور اندراج کے بعد انہیں یونیورسٹی ہوسٹل سے مناسب سیکیورٹی انتظامات کے تحت شادی ہال پہنچایا گیا تھا جو ہوائی اڈے سے صرف پانچ یا چھ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔