معراج ملک کی گرفتاری کے بعد وادی چناب کی سنگین صورتحال کے ذمہ دار لیفٹیننٹ گورنرہیں، فاروق عبداللہ
سرینگر:
غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، ڈوڈہ میں ایم ایل اے معراج ملک کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتاری کے بعد وادی چناب کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے ذمہ دار ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے بارہمولہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں امن و امان برقراررکھنا منوج سنہاکی ذمہ داری ہے اورمقبوضہ علاقے کی موجودہ سنگین صورتحال کے وہ ذمہ دار ہیں۔معراج ملک کی گرفتاری کے بعد بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں سے متعلق صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کشمیراسمبلی کے اسپیکر کو اس مسئلہ پر اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلانا چاہیے ۔وادی چناب سے منتخب ہونے والے رکن اسمبلی معراج ملک کو پیر کے روز گرفتار کرکے کالے قانون کے تحت کٹھوعہ جیل منتقل کر دیا گیاتھا۔ انکی گرفتاری کے خلاف ڈوڈا، کشتواڑ اور رام بن اضلاع میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔







