نئی دہلی: بھارت میں پاکستانی ڈراموں اور فنکاروں کے خلاف جاری مہم کے دوران آل انڈیا سنے ورکرز ایسوسی ایشن نے نیٹ فلکس کو پاکستانی ڈراما ”جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو” ہٹانے کے لیے 4دسمبر تک کی مہلت دے دی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق آل انڈیا سنے ورکرز ایسوسی ایشن نے مطالبہ پورا نہ ہونے پر ملک گیر بائیکاٹ، نیٹ فلکس کے دفاتر کے باہر احتجاج اور سبسکرپشن منسوخی کی مہم چلانے کی دھمکی دی ہے ۔یہ وقتی جذباتی ردعمل نہیں بلکہ پاکستان سے جڑی ہر آواز، ہر چہرے اور ہر کہانی کے خلاف ریاستی سرپرستی میں جاری منظم مہم کی ایک اور کڑی ہے۔بھارت کا اصل خوف یہ ہے کہ پاکستانی فیملی ڈرامے بھارتی ناظرین کے دل جیت رہے ہیں اور بھارتی میڈیا کو اپنی مارکیٹ ہاتھ سے نکلتی دکھائی دے رہی ہے۔
ناقدین کے مطابق، پاکستانی تفریحی مواد کے خلاف یہ مہم محض ایک ڈرامے تک محدود نہیں، بلکہ پاکستانی فنکاروں اور ثقافتی اظہار کے خلاف وسیع تر مخالفت کا حصہ ہے۔پاکستانی ڈراموں کی بھارت میں بڑھتی ہوئی مقبولیت نے اس مہم کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ پاکستانی ڈراموں کی کہانیاں، اداکاری اور خاندانی موضوعات بھارتی ناظرین کی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔
نیٹ فلکس انڈیا نے مالی سال 2025میں 37ارب69کروڑ روپے کی آمدن اور 85کروڑ روپے کا خالص منافع ظاہر کیاہے۔ یہ منافع گزشتہ سال کے مقابلے میں 63فیصد زیادہ تھا۔نیٹ فلکس کے بھارتی پروڈکشن یونٹ کی آمدن 42ارب7کروڑ روپے رہی، جبکہ اس کا منافع دگنا ہو کر 181کروڑ روپے تک پہنچ گیاہے۔
ناقدین کے مطابق ایک پاکستانی ڈرامے کو ہٹانے کے لیے بائیکاٹ کی دھمکی دینا ثقافتی مواد پر دبائو ڈالنے کی کوشش ہے۔اپریل 2025 میں بھارت نے 6کروڑ 30لاکھ سے زائد سبسکرائبرز رکھنے والے 16پاکستانی یوٹیوب چینلز پر پابندی عائد کی تھی۔ 2022میں بھی 35پاکستانی چینلز بند کیے گئے تھے۔
اس کے علاوہ اے آر وائی ڈیجیٹل، ہر پل جیو اور ہم ٹی وی جیسے پاکستانی تفریحی چینلز پربھی پابندیاں عائد کی گئیں کی۔20 سے زائد معروف پاکستانی فنکاروں کے انسٹاگرام اکائونٹس بھی بھارت میں بلاک کیے گئے۔سیاست سے کوسوں دور "پری زاد” جیسے خاندانی ڈرامے بھی بھارت کی "قومی سلامتی” کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔ اے آئی سی ڈبلیو اے ایک اداکار کو "دہشت گرد” قرار دے چکی ہے، اور محض ایک پاکستانی اداکارہ کی موجودگی پربھارت میں فلم ریلیز نہیں ہونے دینے کی دھمکی دے چکی ہے ۔ ناقدین کے مطابق تفریحی مواد کو قومی سلامتی سے جوڑنا ثقافتی اظہار پر غیر ضروری پابندیوں کی عکاسی کرتا ہے۔
اے آئی سی ڈبلیو اے ماضی میں پاکستانی فنکاروں کے خلاف بھی مہم چلا چکی ہے۔ تنظیم نے ایک اداکار کو دہشت گرد قرار دیا تھا اور ایک پاکستانی اداکارہ کی موجودگی پر بھارتی فلم کی ریلیز روکنے کی دھمکی دی تھی۔
عاطف اسلم اور راحت فتح علی خان سمیت متعدد پاکستانی فنکاروں کو بھارت میں مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ ماہرہ خان اور فواد خان بھی پابندیوں کی زد میں آئے۔مہدی حسن، غلام علی اور نصرت فتح علی خان سے لے کر علی ظفر اور صبا قمر تک، پاکستانی فنکاروں نے بھارت میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ تفریحی مواد پر اختلافات کو دھمکیوں اور بائیکاٹ کے ذریعے حل کرنے سے ثقافتی مکالمے کی گنجائش محدود ہوتی ہے۔ان کے مطابق، فن اور ثقافت سرحدوں کے پابند نہیں ہوتے۔بھارت میں پاکستانی ڈراموں کی مقبولیت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ معیاری کہانیوں اور فنکارانہ صلاحیتوں کو سیاسی مخالفت کے باوجود پذیرائی مل سکتی ہے۔






