اسلام آباد: حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال پراظہار تشویش
انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپنی ٹیمیں علاقے میں بھیجنے کا مطالبہ
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر شاخ نے بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر کی ابتر صورتحال ترین صورتحال، ہیومن رائٹس واچ کی مقبوضہ علاقے سے متعلق رپورٹ، شیش ناگ کے علاقے میں سڑک توسیع کے منصوبے اور سرینگر میں وقف بورڈ کی تقریب کے دوران ’وندے ماترم‘ بجائے جانے کے معاملے پر گہری تشویش کااظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسرو س کے مطابق حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر کا ایک اہم اجلاس کنوینر غلام محمد صفی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں انسانی حقوق کے عالمی ادارے” ہیومن رائٹس واچ“ کی مقبوضہ جموںو کشمیر سے متعلق رپورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ رپورٹ علاقے میں جاری بھارتی جبر و ستم کا ایک اور ثبوت ہے۔ اجلاس کے شرکاءنے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں زمینی حقائق کا غیر جانب دارانہ جائزہ لینے کے لیے اپنی ٹیمیں علاقے میں بھیجیں اور انسانی حقوق کے تحفظ، بنیادی آزادیوں اور شہریوں کے حقوق کے لیے ایک مو¿ثر اور جاندار کردار ادا کریں۔
اجلاس میں شیش ناگ کے علاقے میں سڑک کی توسیع کے معاملے پر بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر قدرتی حسن، جنگلات، آبی ذخائر اور حساس ماحولیاتی نظام کا حامل خطہ ہے۔ کسی بھی ترقیاتی منصوبے سے قبل اس کے ماحولیاتی اثرات، مقامی آبادی کے مفادات اور قدرتی وسائل کے تحفظ کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ عوامی مشاورت اور ماحولیاتی جائزے کے بغیر ایسے منصوبوں پر پیش رفت مقامی آبادی اور ماحول کے لیے مسائل پیدا کر سکتی ہے۔
اجلاس میں سرینگر میں وقف بورڈ کی جانب سے منعقدہ ’یومِ وقف‘ کی تقریب میں ’وندے ماترم‘ بجائے جانے پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ شرکانے کہا کہ مذہبی اداروں اور مذہبی تقریبات کے تقدس، عقائد اور عوامی جذبات کا احترام ہر صورت ملحوظ رکھا جانا چاہیے۔ کسی بھی مذہبی تقریب کو ایسے اقدامات سے متنازع بنانے سے گریز کیا جانا چاہیے جو مقامی آبادی کے مذہبی احساسات اور ثقافتی شناخت سے متصادم ہوں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو اپنے مذہبی تشخص، روایات اور عقائد کے مطابق زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔
کنوینر غلام محمد صفی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کا مسئلہ محض ایک سیاسی تنازع نہیں بلکہ اس کا تعلق کشمیری عوام کے سیاسی مستقبل، مذہبی شناخت اور حقِ خودارادیت سے ہے۔ عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی صورتحال، قدرتی وسائل کے تحفظ اور عوام کے مذہبی و ثقافتی حقوق سے متعلق معاملات کا سنجیدگی سے نوٹس لیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔









