دیگر اقوام کو کشمیر پر چین کے موقف کی پیروی کرنی چاہیے، فہیم کیانی
لندن 11 فروری (کے ایم ایس) تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کہا ہے کہ چین کی طرف سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی بنیاد پر جموں و کشمیر پر بھارتی قبضہ ختم کرانے کے موقف کا اعادہ حق خود ارادیت کی جدوجہد میں مصروف کشمیریوں کے حوصلے بلند کرے گا۔
فہیم کیانی نے لندن میں جاری ایک بیان میں 06 فروری کو بیجنگ میں صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جموں و کشمیر پر غیر قانونی بھارتی قبضے کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بنیاد پر بیجنگ کا موقف درست ہے جس کی ہر دوسری قوم کو پیروی کرنی چاہیے۔فہیم کیانی نے کہا کہ کشمیری چین کے واضح موقف کو رسراہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بیجنگ نے ماضی قریب میں بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی بھی واضح مخالفت کی ہے۔ فہیم کیانی نے کہا کہ کشمیری کسی بھی ایسی تبدیلی کو مسترد کرتے ہیں جس کا مقصد خطے کی متنازعہ نوعیت کو کمزور کرنا ہو اور وہ اس معاملے پر چین کے موقف کا خیرمقدم کرتے ہیں۔تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ دنیا کے نقشے پر سب سے خطرناک جگہ کشمیر ہے کیونکہ یہ محض دو ممالک کا تنازعہ نہیں ہے بلکہ اس کی سرحدیں تین ممالک سے ملتی ہیں جو ایٹمی ہتھیاروں سے لیس ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کچھ بھی کر سکتی ہے جو نہ صرف جنگ بلکہ ایک بڑی تباہی کا باعث بن سکتا ہے ۔ فہیم کیانی نے کشمیر کاز کو آگے بڑھانے کے لیے چینی قیادت، سفارت کاروں، ماہرین تعلیم، میڈیا اور دانشوروں کے ساتھ بات چیت کرنے کی تجویز دی۔ انہوں نے عمران خان کے بیجنگ کے کامیاب دورے کو سراہتے ہوئے کشمیریوں کی وکالت پر انکا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کشمیریوں کے جائز مطالبے کے حوالے سے بیداری کی سطح کو بلند اور بھارت کی فسطائی حکومت کو بے نقاب کیا ہے ۔